اول تو یہ دھج اور یہ رفتار غضب ہے

اول تو یہ دھج اور یہ رفتار غضب ہے
by غلام علی ہمدانی مصحفی
316151اول تو یہ دھج اور یہ رفتار غضب ہےغلام علی ہمدانی مصحفی

اول تو یہ دھج اور یہ رفتار غضب ہے
تس پہ ترے پازیب کی جھنکار غضب ہے

کیوں کر نہ تجھے دوڑ کے چھاتی سے لگا لوں
پھولوں کا گلے میں ترے یہ ہار غضب ہے

جب دیکھوں ہوں کرتی ہے مرے دل کو پریشاں
آشفتگیٔ طرۂ طرار غضب ہے

اے کاش یہ آنکھیں مجھے یہ دن نہ دکھاتیں
اس شوق پہ محرومیٔ دیدار غضب ہے

خورشید کا منہ ہے کہ طرف ہو سکے اس سے
یعنی وہ بر افروختہ رخسار غضب ہے

میں اور کسی بات کا شاکی نہیں تجھ سے
یہ وقت کے اوپر ترا انکار غضب ہے

اب تک حرم وصل سے محرم نہ ہوئے ہم
کعبے میں حجاب در و دیوار غضب ہے

گر ایک غضب ہو تو کوئی اس کو اٹھاوے
رفتار غضب ہے تری گفتار غضب ہے

فرہاد بچا عشق سے نے قیس نہ وامق
جی لے ہی کے جاتا ہے یہ آزار غضب ہے

اے مصحفیؔ اس شوق سے ٹک بچ کے تو چلنا
سنتا ہے میاں وہ بت خوں خار غضب ہے


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.