اڑا سکتا نہیں کوئی مرے انداز شیون کو

اڑا سکتا نہیں کوئی مرے انداز شیون کو
by سائل دہلوی

اڑا سکتا نہیں کوئی مرے انداز شیون کو
بمشکل کچھ سکھایا ہے نوا سنجان گلشن کو

گریباں چاک کرنے کا سبب وحشی نے فرمایا
کہ اس کے تار لے کر میں سیوں گا چاک دامن کو

بہار آتے ہی بٹتی ہیں یہ چیزیں قید خانوں میں
سلاسل ہاتھ کو پاؤں کو بیڑی طوق گردن کو

جھڑی ایسی لگا دی ہے مرے اشکوں کی بارش نے
دبا رکھا ہے بھادوں کو بھلا رکھا ہے ساون کو

دل مرحوم کی میت اجازت دو تو رکھ دیں ہم
ترے تلوے برابر ہی زمیں کافی ہے مدفن کو

اجازت دو تو ساری انجمن کے دل ہلا دوں میں
سمجھ رکھا ہے تم نے ہیچ تاثیرات شیون کو

سلوک پیر مے خانہ کی اے ساقی تلافی کیا
بجز اس کے دعائیں دو اسے پھیلا کے دامن کو

This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.

Public domainPublic domainfalsefalse