اگر دل واقف نیرنگیٔ طبع صنم ہوتا

اگر دل واقف نیرنگیٔ طبع صنم ہوتا
by اکبر الہ آبادی
294126اگر دل واقف نیرنگیٔ طبع صنم ہوتااکبر الہ آبادی

اگر دل واقف نیرنگیٔ طبع صنم ہوتا
زمانہ کی دو رنگی کا اسے ہرگز نہ غم ہوتا

یہ پابند مصیبت دل کے ہاتھوں ہم تو رہتے ہیں
نہیں تو چین سے کٹتی نہ دل ہوتا نہ غم ہوتا

انہیں کی ہے وفائی کا یہ ہے آٹھوں پہر صدمہ
وہی ہوتے جو قابو میں تو پھر کاہے کو غم ہوتا

لب و چشم صنم گر دیکھنے پاتے کہیں شاعر
کوئی شیریں سخن ہوتا کوئی جادو رقم ہوتا

بہت اچھا ہوا آئے نہ وہ میری عیادت کو
جو وہ آتے تو غیر آتے جو غیر آتے تو غم ہوتا

اگر قبریں نظر آتیں نہ دارا و سکندر کی
مجھے بھی اشتیاق دولت و جاہ و حشم ہوتا

لئے جاتا ہے جوش شوق ہم کو راہ الفت میں
نہیں تو ضعف سے دشوار چلنا دو قدم ہوتا

نہ رہنے پائے دیواروں میں روزن شکر ہے ورنہ
تمہیں تو دل لگی ہوتی غریبوں پر ستم ہوتا


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.