ایک دم خشک مرا دیدۂ تر ہے کہ نہیں
ایک دم خشک مرا دیدۂ تر ہے کہ نہیں
ماجرے سے مرے تجھ کو بھی خبر ہے کہ نہیں
یوں تو اٹھتے ہے مرے دل سے ہزاروں نالہ
لیکن ان خانہ خرابوں میں اثر ہے کہ نہیں
حال میرا تجھے بے درد نہیں گر باور
دیکھ لے آ کے کہ اب نوع دگر ہے کہ نہیں
میرے گھر کیونکہ تو آوے کہ گلی کوچوں میں
تیرے مشتاق کہاں اور کدھر ہے کہ نہیں
تجھ میں بو پائی نہ مطلق کہیں جنسیت کی
نسل آدم سے تو اے شوخ پسر ہے کہ نہیں
بوالہوس دل کو کر اپنے ذرا بس میں حسرتؔ
مرد بے صبر تجھے کچھ بھی جگر ہے کہ نہیں
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |