باتیں ہیں واعظوں کی عذاب و ثواب کیا
باتیں ہیں واعظوں کی عذاب و ثواب کیا
دو دن کی زندگی میں حساب و کتاب کیا
چاہی وفائے وعدہ تو پایا جواب کیا
ہاں کہئے تو یہ آپ نے دیکھا ہے خواب کیا
دل میں غضب کے جوش ہیں توبہ کی خیر ہو
کرتی ہے دیکھیے یہ شب ماہتاب کیا
یہ سب سہی کہ زلزلہ ہے تا فلک مگر
شوخی تو اپنی دیکھ مرا اضطراب کیا
اس نے تو جو لکھا سو لکھا پر غضب یہ ہے
اک ایک پوچھتا ہے کہ آیا جواب کیا
اچھا گمان و وہم ہمارے غلط سہی
کہئے تو کہتی ہے نگہ پر حجاب کیا
اے ہم نشیں بھلا وہ اگر سن کے حال دل
کہہ دیں کہ سب غلط ہے پھر اس کا جواب کیا
کرتے ہیں لوگ واعظ و مائلؔ پہ طعن کیوں
پیتا نہیں جہان میں کوئی شراب کیا
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |