باغ عالم میں جہاں نخل حنا لگتا ہے

باغ عالم میں جہاں نخل حنا لگتا ہے
by محمد ابراہیم ذوق
296614باغ عالم میں جہاں نخل حنا لگتا ہےمحمد ابراہیم ذوق

باغ عالم میں جہاں نخل حنا لگتا ہے
دل پر خوں کا وہاں ہاتھ پتا لگتا ہے

کیا تڑپنا دل بسمل کا بھلا لگتا ہے
کہ جب اچھلے ہے ترے سینے سے جا لگتا ہے

دل کہاں سیر تماشے پہ مرا لگتا ہے
جی کے لگ جانے سے جینا بھی برا لگتا ہے

جو حوادث سے زمانے کے گرا پھر نہ اٹھا
نخل آندھی کا کہیں اکھڑا ہوا لگتا ہے

دل لگانے کا مزا ہے کہ گزک میں اس کے
سب کبابوں سے نمک دل پہ سوا لگتا ہے

نہ شب ہجر میں لگتی ہے زباں تالو سے
اور نہ پہلو مرا بستر سے ذرا لگتا ہے

ہائے محتاج ہوا مرہم زنگار کا تو
زخم دل زہر مجھے ہنسنا ترا لگتا ہے

آب خنجر جو ہے زہراب وفاداری کو
پانی شاید کہ سر ملک فنا لگتا ہے

قد مجنوں کوئی پہلے سے چھڑی بید کی ہے
جب ذرا جھکتا ہے قد پاؤں سے جا لگتا ہے

زرد زاہد ہے تو کیا کھوٹ ابھی ہے دل میں
ذوقؔ اس زر کو کسوٹی پر کسا لگتا ہے


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.