بتو خدا پہ نہ رکھو معاملہ دل کا

بتو خدا پہ نہ رکھو معاملہ دل کا
by امداد علی بحر

بتو خدا پہ نہ رکھو معاملہ دل کا
برا بھلا یہیں ہو جائے فیصلہ دل کا

بتوں سے ہے متعلق معاملہ دل کا
خدا ہے حشر میں بھی ہو جو فیصلہ دل کا

چلو بلا سے اگر ہے یہ آستین کا سانپ
بغل میں پال کے میں کیا کروں گلہ دل کا

خیال زلف میں سینے پہ سانپ لوٹتے ہیں
دہان مار کا چھالا ہے آبلہ دل کا

سنوں تمہاری کہ اپنی کہوں حقیقت حال
تمہیں ہے میری شکایت مجھے گلہ دل کا

خدا یہ نالہ و فریاد ساز وار کرے
کہ دل لگی ہے ہماری یہ مشغلہ دل کا

بھٹک کے کوئی گیا دیر کو کوئی کعبے
عجیب بھول بھلیاں ہے مرحلہ دل کا

میں عشق قد میں الف کھینچ کر ہوا ہوں فقیر
میں زلف یار سے رکھتا ہوں سلسلہ دل کا

کسی کے زلف نے برہم کیے ہیں ہوش و حواس
لٹا ہے شام کے رستے میں قافلہ دل کا

خزاں رسیدوں کو باغ و بہار سے کیا کام
نہ اب وہ جوش طبیعت نہ ولولہ دل کا

زمانہ اور ہے اوباشوں کا وقت نہیں
نہ وہ مزاج ہمارا نہ حوصلہ دل کا

یہ کس صنم کی محبت میں مرتبہ پایا
ہوا جو عرش خدا سے مقابلہ دل کا

کمال یار کے ہاتھوں جلا ہوں میں اے بحرؔ
ہتھیلی کا ہے پھپھولا یہ آبلہ دل کا

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse