بے اجل کام نہ اپنا کسی عنواں نکلا

بے اجل کام نہ اپنا کسی عنواں نکلا
by فانی بدایونی
299834بے اجل کام نہ اپنا کسی عنواں نکلافانی بدایونی

بے اجل کام نہ اپنا کسی عنواں نکلا
دم تو نکلا مگر آزردۂ احساں نکلا

آ گئی ہے ترے بیمار کے منہ پر رونق
جان کیا جسم سے نکلی کوئی ارماں نکلا

دل آگاہ سے کیا کیا ہمیں امیدیں تھیں
وہ بھی قسمت سے چراغ تہ داماں نکلا

دل بھی تھا منہ سے بس اک آہ نکل جانے تک
آگ سینے میں لگا کر غم پنہاں نکلا

چارہ گر ناصح مشفق دل بے صبر و قرار
جو ملا عشق میں غم خوار وہ ناداں نکلا

شکوہ منظور نہیں تذکرۂ عشق نہ چھیڑ
کہ وہ درپردہ مرا حال پریشاں نکلا

بجلیاں شاخ نشیمن پہ بچھی جاتی ہے
کیا نشیمن سے کوئی سوختہ ساماں نکلا

اب جنوں سے بھی توقع نہیں آزادی کی
چاک داماں بھی باندازۂ داماں نکلا

ہائے وہ وعدۂ فردا کی مدد وقت اخیر
ہائے وہ مطلب دشوار کہ آساں نکلا

شوق بیتاب کا انجام تحیر پایا
دل سمجھتے تھے جسے دیدۂ حیراں نکلا

اس نے کیا سینۂ صد چاک سے کھینچا فانیؔ
دل میں کہتا ہوں وہ کہتا ہے کہ پیکاں نکلا


This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.