تن سے جاں کا قدم نکلتا ہے
تن سے جاں کا قدم نکلتا ہے
اب کوئی دم میں دم نکلتا ہے
سیر کر انقلاب عالم کی
ٹھیکرا لے کے جم نکلتا ہے
اے پری شب جو حور کو دیکھا
تیرا انداز کم نکلتا ہے
خلق مرتی ہے کوئے قاتل میں
طور ملک عدم نکلتا ہے
چھوڑ بت خانے کو ترے ہاتھوں
برہمن اے صنم نکلتا ہے
کوچۂ زلف سے ترے اے بت
بچ کے شیخ حرم نکلتا ہے
صاف اے حور تیرے کوچے میں
رنگ باغ ارم نکلتا ہے
جان جاں تجھ پہ جان جاتی ہے
دم نکلتا ہے دم نکلتا ہے
تیغ قاتل ہے عرشؔ زہر آلود
میرے زخموں سے سم نکلتا ہے
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |