جب تک خلش درد خدا داد رہے گی

جب تک خلش درد خدا داد رہے گی
by یاس یگانہ چنگیزی
331427جب تک خلش درد خدا داد رہے گییاس یگانہ چنگیزی

جب تک خلش درد خدا داد رہے گی
دنیا دل ناشاد کی آباد رہے گی

روح اپنی ہے بیگانۂ ہر جنت و دوزخ
گم ہو کے ہر اک قید سے آزاد رہے گی

جو خاک کا پتلا وہی صحرا کا بگولہ
مٹنے پہ بھی اک ہستیٔ برباد رہے گی

شیطان کا شیطان فرشتے کا فرشتہ
انسان کی یہ بوالعجبی یاد رہے گی

ہاں وسعت زنجیر تک آزاد بھی ہوں میں
ہستی مری مجموعۂ ازداد رہے گی

ہر شام ہوئی صبح کو اک خواب فراموش
دنیا یہی دنیا ہے تو کیا یاد رہے گی

شہرہ ہے یگانہؔ تری بیگانہ روی کا
واللہ یہ بیگانہ روی یاد رہے گی


This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.