جلوۂ عشق حقیقت تھی حسن مجاز بہانہ تھا
جلوۂ عشق حقیقت تھی حسن مجاز بہانہ تھا
شمع جسے ہم سمجھے تھے شمع نہ تھی پروانہ تھا
شعبدے آنکھوں کے ہم نے ایسے کتنے دیکھے ہیں
آنکھ کھلی تو دنیا تھی بند ہوئی افسانہ تھا
عہد جوانی ختم ہوا اب مرتے ہیں نہ جیتے ہیں
ہم بھی جیتے تھے جب تک مر جانے کا زمانہ تھا
دل اب دل ہے خدا رکھے ساقی کو مے خانے کو
ورنہ کسے معلوم نہیں ٹوٹا سا پیمانہ تھا
فانیؔ کو کیسا ہی سہی پھر بھی تجھی سے نسبت تھی
دیوانہ تھا تھا کس کا تیرا ہی دیوانہ تھا
This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author. |