حاصل علم بشر جہل کا عرفاں ہونا

حاصل علم بشر جہل کا عرفاں ہونا
by فانی بدایونی
299817حاصل علم بشر جہل کا عرفاں ہونافانی بدایونی

حاصل علم بشر جہل کا عرفاں ہونا
عمر بھر عقل سے سیکھا کیے ناداں ہونا

چار زنجیر عناصر پہ ہے زنداں موقوف
وحشت عشق ذرا سلسلۂ جنباں ہونا

جمع کرتا ہوں گریباں کے نکالے ہوئے تار
یاد آیا ہے مجھے سر بہ گریباں ہونا

دل بس اک لرزش پیہم ہے سراپا یعنی
تیرے آئینہ کو آتا نہیں حیراں ہونا

فال افزدنی مشکل ہے ہر آسانی کار
میری مشکل کو مبارک نہیں آساں ہونا

راحت انجام غم اور راحت دنیا معلوم
لکھ دیا دل کے مقدر میں پریشاں ہونا

دے ترا حسن تغافل جسے ہے چاہے فریب
ورنہ تو اور جفاؤں پہ پشیماں ہونا

ہائے وہ جلوۂ ایمن وہ نگاہ سر طور
فتنہ ساماں سے ترا فتنۂ ساماں ہونا

خاک فانیؔ کی قسم ہے تجھے اے دشت جنوں
کس سے سیکھا ترے ذروں نے بیاباں ہونا


This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.