خود اٹھ کے ہاتھ میرے گریباں میں آ گئے

خود اٹھ کے ہاتھ میرے گریباں میں آ گئے
by سیماب اکبرآبادی
298696خود اٹھ کے ہاتھ میرے گریباں میں آ گئےسیماب اکبرآبادی

خود اٹھ کے ہاتھ میرے گریباں میں آ گئے
شاید قدم جنوں کے گلستاں میں آ گئے

اس کے سوا بتائیں اسیری کا کیا سبب
گھبرائے انجمن سے تو زنداں میں آ گئے

کیا ہوگا چار پھولوں سے اے موسم بہار
یہ تو ہمارے گوشۂ داماں میں آ گئے

جوش بہار اور یہ بے اختیاریاں
سوئے چمن چلے تھے بیاباں میں آ گئے

سیمابؔ کبر و ناز کا انجام کچھ نہ پوچھ
سب رفتہ رفتہ گور غریباں میں آ گئے


This work is now in the public domain in Pakistan because it originates from Pakistan and its term of copyright has expired. According to Pakistani copyright laws, all photographs enter the public domain fifty years after they were published, and all non-photographic works enter the public domain fifty years after the death of the creator.