دل بے تاب کو کب وصل کا یارا ہوتا

دل بے تاب کو کب وصل کا یارا ہوتا
by یاس یگانہ چنگیزی
318447دل بے تاب کو کب وصل کا یارا ہوتایاس یگانہ چنگیزی

دل بے تاب کو کب وصل کا یارا ہوتا
شادیٔ دولت دیدار نے مارا ہوتا

شب غم زہر ہی کھانے کا مزہ تھا ورنہ
انتظار سحر وصل نے مارا ہوتا

شب ہجراں کی بلا ٹالے نہیں ٹلتی ہے
بھور کر دیتے اگر زور ہمارا ہوتا

آئی جس شان سے مدفن میں سواری میری
دیکھتے غیر تو مرنا ہی گوارا ہوتا

کیوں نہ سینے سے لگی رہتی امانت تیری
داغ دل کیوں نہ ہمیں جان سے پیارا ہوتا

سر جھکائے تری امید پہ بیٹھے ہیں ہم
قاتل اس بار امانت کو اتارا ہوتا

ایک ہو جاتی ابھی کافر و دیں دار کی راہ
اگر ان جٹی بھوؤں کا اک اشارا ہوتا

بھیگتی جاتی ہے رات اور ابھی صحبت ہے گرم
جام لب ریز اسی عالم میں ہمارا ہوتا

نگہ لطف سے محروم ہوں اب تک ساقی
صف آخر کی طرف بھی اک اشارا ہوتا

دور سے ساغر و مینا کو کھڑا تکتا ہوں
دل کوئی رکھتا تو مجھ کو بھی پکارا ہوتا

دور اتنی نہ کبھی کھنچتی عدم کی منزل
کاش کچھ نقش قدم ہی کا سہارا ہوتا

یاس اب آپ کہاں اور کہاں بانگ جرس
کون اس وادئ غربت میں تمہارا ہوتا

دیکھتے رہ گئے یاسؔ آپ نے اچھا نہ کیا
ڈوبتے وقت کسی کو تو پکارا ہوتا

صورت ظاہری اک پردۂ تاریک تھی یاسؔ
حسن معنی کا کن آنکھیوں سے نظارہ ہوتا


This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.