دل لے کے ہمارا پھرتا ہے یہ کون وطیرہ تیرا ہے
دل لے کے ہمارا پھرتا ہے یہ کون وطیرہ تیرا ہے
کرتا ہے چھچھوری باتیں کیوں ہر بات میں تیرا میرا ہے
تم چہرہ اپنا دکھلا دو کچھ راہ خلاصی بتلا دو
اک زلف کا سودا سر میں ہے اک کالی بلا نے گھیرا ہے
اس آنے کی کیا مجھ کو خوشی پابندی اس میں کاہے کی
بھولے سے ادھر بھی آ نکلے اک جوگی کا سا پھیرا ہے
ہم آپ ہیں ایک بلائے بد کیا ہم سے کرے گا کوئی کد
اغیار کریں ہم سے کاوش منہ ہم کو سارا تیرا ہے
ہم جان سے اپنی جاتے ہیں پر دل سے یہ جاتا ہی نہیں
اس عشق کا ہووے برا انجمؔ کیا اس نے ڈالا ڈیرا ہے
This work is in the public domain in the United States but it may not be in other jurisdictions. See Copyright.
| |