دل کی کایا غم نے وہ پلٹی کہ تجھ سا بن گیا

دل کی کایا غم نے وہ پلٹی کہ تجھ سا بن گیا
by فانی بدایونی
299825دل کی کایا غم نے وہ پلٹی کہ تجھ سا بن گیافانی بدایونی

دل کی کایا غم نے وہ پلٹی کہ تجھ سا بن گیا
درد میں دل ڈوب کر قطرے سے دریا بن گیا

ان کے آغوش مشیت میں ہے ناکامی مری
کام کچھ اس طرح بگڑا ہے کہ گویا بن گیا

دل کی رت ایسی تو یاد یار نے بدلی نہ تھی
یہ چمن اجڑا ہی اس ڈھب سے کہ صحرا بن گیا

نقش موہوم حیات افسانہ در افسانہ تھا
جب یہ نقش ابھرا تو اک حرف تمنا بن گیا

لو مبارک لذت غم بھی ہے اب تو ناگوار
دل محبت میں جو بننا چاہیئے تھا بن گیا

جلوۂ کثرت خود اپنا شوق بے اندازہ تھا
محفل لیلیٰ مری نظروں میں لیلیٰ بن گیا

میری محرومی بھی رسوا ہے کہ فانیؔ حال دل
ان کے کانوں تک نہ پہنچا اور فسانا بن گیا


This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.