راہ رستے میں تو یوں رہتا ہے آ کر ہم سے مل

راہ رستے میں تو یوں رہتا ہے آ کر ہم سے مل
by حسرتؔ عظیم آبادی
302853راہ رستے میں تو یوں رہتا ہے آ کر ہم سے ملحسرتؔ عظیم آبادی

راہ رستے میں تو یوں رہتا ہے آ کر ہم سے مل
کم گیا لیکن وہ یار خانگی گھر ہم سے مل

دل تڑپتا ہے پڑا اس سینۂ صد چاک میں
کھول کر بند قبا تو اے سمن بر ہم سے مل

بے نیاز اس حسن کو اور ناز کو برپا رکھے
بے تکلف ہو کے تو اے ناز پرور ہم سے مل

پہنچنا تم تک میاں اپنا تو اک اشکال ہے
ہووے تا ملنا ترا ہم کو میسر ہم سے مل

ہر مصیبت بھر کے میں پہنچا ہوں تیرے در تلک
بے مروت ایک دم آ گھر سے باہر ہم سے مل

اب تو اس بے دست و پا سے ہو نہیں سکتی تلاش
ڈھونڈ لے کر ہم کو اے رزق مقدر ہم سے مل

ان دنوں رہتی ہے مجھ کو بے قراری بیشتر
قصد کر کے تو مکرر اور مقرر ہم سے مل

سیر رکھتی ہیں مری بے تابئیں اس وقت زور
حرف ہمارا گر نہیں ہے تجھ کو باور ہم سے مل

ہو گیا تیری ہوا خواہی میں حسرتؔ تو بہ باد
بیٹھا کیا ہے خاک میں ہم کو ملا کر ہم سے مل

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse