زہرہ سہیل شمس خور بدر بہا تو کون ہے
زہرہ سہیل شمس خور بدر بہا تو کون ہے
ہوش ربا ستم گر مہ لقا تو کون ہے
بھوت خبیث نازنیں گل پری بلا کہوں
دل لگی اچھی یہ نہیں مجھ سے ہنسا تو کون ہے
راگ خیال گاتا ہے رقص خوشی دکھاتا ہے
دور سے کیوں رجھاتا ہے پاس تو آ تو کون ہے
بند ہیں لب جواب میں گھر گیا میں عذاب میں
آیا جو میرے خواب میں ایسا برا تو کون ہے
اب نہ پیام وصل دے ہجر کا کون غم سہے
دور ہو دور ہو ارے پاس نہ آ تو کون ہے
آیا ہے کس کے جیش سے بولتا ہے جو طیش سے
محفل بزم عیش سے دور ہو جا تو کون ہے
بول نہ اخترؔ اب کبھی ہٹ تھی یہ ایک شخص کی
طرح جو سب سے کی بری یہ تو بتا تو کون ہے
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |