سوائے رحمت رب کچھ نہیں ہے

سوائے رحمت رب کچھ نہیں ہے
by ثاقب لکھنوی
299511سوائے رحمت رب کچھ نہیں ہےثاقب لکھنوی

سوائے رحمت رب کچھ نہیں ہے
بہت کچھ تھا مگر اب کچھ نہیں ہے

جہاں میں ہوں مگر کیا جانئے کیوں
مجھے دنیا سے مطلب کچھ نہیں ہے

یہ وقت نزع ہے کیا نذر دوں میں
اب آئے ہو یہاں جب کچھ نہیں ہے

اندھیرے میں وہ سوجھی یہ نہ سوجھی
تری شب ہے مری شب کچھ نہیں ہے

فقط تقدیر کی کایا پلٹ ہے
مناسب اور انسب کچھ نہیں ہے

نہ پوچھو دل سے اس کی راہ کا حال
سوائے عشق مذہب کچھ نہیں ہے

نہ ہو گر شام ہجراں کے برابر
تو بہر وصل اک شب کچھ نہیں ہے

پس دل اب کہاں آبادیٔ دہر
جو سب کچھ تھا وہی سب کچھ نہیں ہے

خدا کا واسطہ کیا دوں اسے میں
جہاں میں جس کا مذہب کچھ نہیں ہے

چمن تھا جب چمن تھا آشیاں بھی
وہیں تھا میں جہاں اب کچھ نہیں ہے

محصل نظم ثاقبؔ کا نہ پوچھو
فقط لفظیں ہیں مطلب کچھ نہیں ہے


This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.