شاید اس سادہ نے رکھا ہے خط
شاید اس سادہ نے رکھا ہے خط
کہ ہمیں متصل لکھا ہے خط
شوق سے بات بڑھ گئی تھی بہت
دفتر اس کو لکھیں ہیں کیا ہے خط
نامہ کب یار نے پڑھا سارا
نہ کہا یہ بھی آشنا ہے خط
ساتھ ہم بھی گئے ہیں دور تلک
جب ادھر کے تئیں چلا ہے خط
کچھ خلل راہ میں ہوا اے میرؔ
نامہ بر کب سے لے گیا ہے خط
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |