شوق خراش خار مرے دل میں رہ گیا

شوق خراش خار مرے دل میں رہ گیا
by مرزا محمد تقی ہوسؔ
302902شوق خراش خار مرے دل میں رہ گیامرزا محمد تقی ہوسؔ

شوق خراش خار مرے دل میں رہ گیا
پائے‌ تلاش پہلی ہی منزل میں رہ گیا

میں زمزمہ سرا تو چمن سے گیا ولے
افسانہ اک گروہ عنادل میں رہ گیا

زنجیر موج پاؤں میں آ کر لپٹ گئی
طوفانیوں کا دھیان ہی ساحل میں رہ گیا

تصویر اس کی کیسے کھنچی مانیٔ خیال
حیران جس کی شکل و شمائل میں رہ گیا

کام اپنا تو تمام کیا یاس نے ہوسؔ
جی اشتیاق خنجر قاتل میں رہ گیا


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.