عہد حاضر میں عیار صبح تو بدلا مگر

عہد حاضر میں عیار صبح تو بدلا مگر
by نہال سیوہاروی

عہد حاضر میں عیار صبح تو بدلا مگر
اے اندھیری رات تجھ کو بھی بدلنا چاہیئے

باوجود غم مسلسل قہقہے اے نامراد
کاروان زندگی کے ساتھ چلنا چاہیئے

شان رندانہ کی ہے توہین ازخود رفتگی
سہل ہے پینا مگر پی کر سنبھلنا چاہیئے

زندگی وہ کیا جو ہے ناواقف آشوب عشق
سینۂ آدم میں طوفانوں کو پلنا چاہیئے

اقتضائے عصر نو ہے زندگی تو درکنار
موت کو بھی حسن کے سانچے میں ڈھلنا چاہیئے

اے جنوں کچھ دیر شغل خاک بازی ہی سہی
دل تو اس صحرائے ہستی میں بہلنا چاہیئے

This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.

Public domainPublic domainfalsefalse