غضب کے طیش میں وہ شوخ دیدہ آیا تھا

غضب کے طیش میں وہ شوخ دیدہ آیا تھا
by پنڈت جواہر ناتھ ساقی

غضب کے طیش میں وہ شوخ دیدہ آیا تھا
بہ شکل قہر تھا خنجر کشیدہ آیا تھا

سلوک حسن تعلق بنے یہ ہنگامہ
کہ ہر طرف سے بریدہ رمیدہ آیا تھا

کیا تھا شوق نے بیتاب دیدہ نے مضطر
وہ ذوق لطف کا لذت چشیدہ آیا تھا

وفا مثال سراپا نیاز با تمکیں
فقیر پائے بہ دامن کشیدہ آیا تھا

ہوا نہ قرب تعلق کا اختصاص یہاں
یہ روشناس ز راہ بعیدہ آیا تھا

دیا نہ ساقیؔ رعنا نے جام کیف مراد
صلائے عام کا شہرا شنیدہ آیا تھا

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse