غیروں میں حنا وہ مل رہا ہے

غیروں میں حنا وہ مل رہا ہے
by شاد لکھنوی
323598غیروں میں حنا وہ مل رہا ہےشاد لکھنوی

غیروں میں حنا وہ مل رہا ہے
نیرنگ جہاں بدل رہا ہے

کھٹکا ہے یہ نشتر مژگاں کا
رگ رگ سے جو دم نکل رہا ہے

وصف لب سرخ لکھ رہا ہوں
یاقوت قلم اگل رہا ہے

آبادیٔ دل ہے داغ سوزاں
اس گھر میں چراغ جل رہا ہے

ہے دل کی تڑپ سے چشم پر نم
پارے کا کنواں ابل رہا ہے

دل غم سے نہ کس طرح ہو ٹھنڈا
پنکھا دم سرد جھل رہا ہے

بیتاب ہے دل یہ غم کے ہاتھوں
گیندے کی طرح اچھل رہا ہے

شبنم سے جوش میکشی ہے
ہر ساغر گل کھنگل رہا ہے

دل آتش غم سے تاؤ کھا کر
رانگے کی طرح پگھل رہا ہے

ہے چشم سیہ میں کودک اشک
بھونرے میں یہ طفل پل رہا ہے

منکا ہے ڈھلا لویں پھری ہیں
آ جلد کہ دم نکل رہا ہے

بے برگ و ثمر ہیں اک ہمیں شادؔ
ہر ایک نہال پھل رہا ہے


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.