قفس کو جانتے ہیں یاسؔ آشیاں اپنا

قفس کو جانتے ہیں یاسؔ آشیاں اپنا
by یاس یگانہ چنگیزی
318430قفس کو جانتے ہیں یاسؔ آشیاں اپنایاس یگانہ چنگیزی

قفس کو جانتے ہیں یاسؔ آشیاں اپنا
مکان اپنا زمین اپنی آسماں اپنا

ہوائے تند میں ٹھہرا نہ آشیاں اپنا
چراغ جل نہ سکا زیر آسماں اپنا

سنا ہے رنگ زمانہ کا اعتبار نہیں
بدل نہ جائے یقیں سے کہیں گماں اپنا

بس ایک سایۂ دیوار یار کیا کم ہے
اٹھا لے سر سے مرے سایہ آسماں اپنا

مزے کے ساتھ ہوں اندوہ و غم تو کیا کہنا
یقیں نہ ہو تو کرے کوئی امتحاں اپنا

شریک حال ہوا ہے جو فقر و فاقہ میں
گڑھے گا ساتھ ہی کیا اپنے مہماں اپنا

عجیب بھول بھلیاں ہے منزل ہستی
بھٹکتا پھرتا ہے گم گشتہ کارواں اپنا

کدھر سے آتی ہے یوسف کی بوئے مستانہ
خراب پھرتا ہے جنگل میں کارواں اپنا

جرس نے مژدۂ منزل سنا کے چونکایا
نکل چلا تھا دبے پاؤں کارواں اپنا

خدا کسی کو بھی یہ خواب بد نہ دکھلائے
قفس کے سامنے جلتا ہے آشیاں اپنا

ہمارے قتل کا وعدہ ہے غیر کے ہاتھوں
عجیب شرط پہ ٹھہرا ہے امتحاں اپنا

ہمارا رنگ سخن یاسؔ کوئی کیا جانے
سوائے آتشؔ ہوا کون ہم زباں اپنا

This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.

Public domainPublic domainfalsefalse