لب جاں بخش پر جو نالہ ہے

لب جاں بخش پر جو نالہ ہے
by شاد لکھنوی

لب جاں بخش پر جو نالہ ہے
اب مسیحا بھی مرنے والا ہے

خون تھوکا مدام صورت زخم
دل ناصور اب تک آلا ہے

رو رہا ہوں مثل ابر بہار
دونگڑا مینہ کا ہے نہ جھالا ہے

وہ بلانوش رنج و محنت ہوں
غم کونین اک نوالا ہے

ہر قدم پر ہیں سیکڑوں پامال
سرکشوں کا چلن نرالا ہے

ہر مژہ پر رواں ہیں کودک اشک
نے سواروں کا یار سالا ہے

اشک خوں روح پر ہیں مثل شفق
رنگ کس شوخ نے اچھالا ہے

فرد اعمال نیک کاراں شادؔ
قصر فردوس کا قبالہ ہے

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse