مار کر تیر جو وہ دلبر جانی مانگے

مار کر تیر جو وہ دلبر جانی مانگے
by محمد ابراہیم ذوق

مار کر تیر جو وہ دلبر جانی مانگے
کہہ دو ہم سے نہ کوئی دے کے نشانی مانگے

اے صنم دیکھ کے ہر دم کی تری کم سخنی
موت گھبرا کے نہ کیوں یہ خفقانی مانگے

خاک سے تشنۂ دیدار کے سبزہ جو اٹھے
تو زباں اپنی نکالے ہوئے پانی مانگے

مار پیچاں تو بلا ہے گا مگر تو اے زلف
ہے وہ کافر کہ نہ کاٹا ترا پانی مانگے

دہن یار ہو اور مانگے کسی سے دل کو
وہ جو مانگے تو بانداز نہانی مانگے

دل مرا بوسہ بہ پیغام نہیں ہے ہمدم
یار لیتا ہے تو لے اپنی زبانی مانگے

جلوہ اس عالم معنی کا جو دیکھے اے ذوقؔ
لطف الفاظ نہ بے حسن معانی مانگے

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse