مجھ سا بیتاب ہووے جب کوئی

مجھ سا بیتاب ہووے جب کوئی
by میر تقی میر

مجھ سا بیتاب ہووے جب کوئی
بے قراری کو جانے تب کوئی

ہاں خدا مغفرت کرے اس کو
صبر مرحوم تھا عجب کوئی

جان دے گو مسیح پر اس سے
بات کہتے ہیں تیرے لب کوئی

بعد میرے ہی ہو گیا سنسان
سونے پایا تھا ورنہ کب کوئی

اس کے کوچے میں حشر تھے مجھ تک
آہ و نالہ کرے نہ اب کوئی

ایک غم میں ہوں میں ہی عالم میں
یوں تو شاداں ہے اور سب کوئی

نا سمجھ یوں خفا بھی ہوتا ہے
مجھ سے مخلص سے بے سبب کوئی

اور محزوں بھی ہم سنے تھے ولے
میرؔ سا ہو سکے ہے کب کوئی

کہ تلفظ طرب کا سن کے کہے
شخص ہوگا کہیں طرب کوئی

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse