معنی کو بھلا دیتی ہے صورت ہے تو یہ ہے

معنی کو بھلا دیتی ہے صورت ہے تو یہ ہے
by اکبر الہ آبادی
295389معنی کو بھلا دیتی ہے صورت ہے تو یہ ہےاکبر الہ آبادی

معنی کو بھلا دیتی ہے صورت ہے تو یہ ہے
نیچر بھی سبق سیکھ لے زینت ہے تو یہ ہے

کمرے میں جو ہنستی ہوئی آئی مس رعنا
ٹیچر نے کہا علم کی آفت ہے تو یہ ہے

یہ بات تو اچھی ہے کہ الفت ہو مسوں سے
حور ان کو سمجھتے ہیں قیامت ہے تو یہ ہے

پیچیدہ مسائل کے لیے جاتے ہیں انگلینڈ
زلفوں میں الجھ آتے ہیں شامت ہے تو یہ ہے

پبلک میں ذرا ہاتھ ملا لیجئے مجھ سے
صاحب مرے ایمان کی قیمت ہے تو یہ ہے


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.