نیا عالم نظر آتا جو میں محو فغاں ہوتا

نیا عالم نظر آتا جو میں محو فغاں ہوتا
by صفدر مرزا پوری
319662نیا عالم نظر آتا جو میں محو فغاں ہوتاصفدر مرزا پوری

نیا عالم نظر آتا جو میں محو فغاں ہوتا
زمیں زیر قدم ہوتی نہ سر پر آسماں ہوتا

چمن میں برق بھی گرتی تو کیا اے باغباں ہوتا
یہی ہوتا مری آنکھوں میں میرا آشیاں ہوتا

تری تلوار کے منہ بوالہوس اغیار کیا آتے
گلے وہ خود لگا لیتی جو میرا امتحاں ہوتا

فلک اس کو مٹاتا کیا کوئی اس کو اٹھاتا کیا
ترے در تک جو آ جاتا وہ سنگ آستاں ہوتا

شباب آنے سے پہلے جان دیتے اہل دل تم پر
تمہارے دور میں کاہے کو پھر کوئی جواں ہوتا

ترے بیمار پر یہ رات بھاری کیوں نہ ہو جاتی
ستارہ جو شب فرقت میں گرتا آسماں ہوتا

وہ جب تک سامنے تھا میں تڑپتا ہی رہا صفدرؔ
اجل کو جان دے دیتا تو قاتل بد گماں ہوتا


This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.