وہ رم شعار مرا شوخ دیدہ آیا تھا

وہ رم شعار مرا شوخ دیدہ آیا تھا
by پنڈت جواہر ناتھ ساقی
317244وہ رم شعار مرا شوخ دیدہ آیا تھاپنڈت جواہر ناتھ ساقی

وہ رم شعار مرا شوخ دیدہ آیا تھا
وہ عشوہ سنج کشیدہ کشیدہ آیا تھا

کیا ہے چشم مروت نے آج مائل مہر
میں ان کی بزم سے کل آب دیدہ آیا تھا

جو راز دل تھا وہ خلوت میں سب کہا ہم نے
کوئی بھی ساتھ نہیں تھا جریدہ آیا تھا

وہ مرغ بسمل الفت فدائے حسن ترا
بہ شکل طائر رنگ پریدہ آیا تھا

وہ تیرے جذب محبت کا شوق مستانہ
جنوں لباس گریباں دریدہ آیا تھا

تمہارا بلبل کشمیر شیفتہ شیدا
بہار جلوہ لئے اک قصیدہ آیا تھا

ستم ظریف ہیں پیر مغاں بھی مے خوارو
کہاں سرور میں ساقیؔ ندیدہ آیا تھا


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.