پوچھتے ہیں تری حسرت کیا ہے

پوچھتے ہیں تری حسرت کیا ہے
by صفدر مرزا پوری
319657پوچھتے ہیں تری حسرت کیا ہےصفدر مرزا پوری

پوچھتے ہیں تری حسرت کیا ہے
آج مجھ پر یہ عنایت کیا ہے

کیا کہوں رنگ طبیعت کیا ہے
ایک آفت ہے محبت کیا ہے

ذبح کرتے ہو جو منہ پھیر کے تم
ایسی بھی میری مروت کیا ہے

جس میں تم خوش اسی میں میں خوش ہوں
رنج کیا چیز ہے راحت کیا ہے

بولتی ہی نہیں تصویر تری
پھر مرے جینے کی صورت کیا ہے

کسی آوارہ وطن سے پوچھو
مہرباں واریٔ غربت کیا ہے

ذبح کے وقت رکا بھی خنجر
یہ نہ پوچھا تری حسرت کیا ہے

عمر گزری اسی کے کوچے میں
ہم سے پوچھو کہ محبت کیا ہے

مے ہو سبزہ ہو گھٹا ہو تم ہو
اس سے اچھی مجھے جنت کیا ہے

غیر سے وعدہ لحد پر میری
یہ قیامت سر تربت کیا ہے

یہ تو ہے عین محبت اے دل
ان کے شکوے کی شکایت کیا ہے

شیخ جی روزہ تو دن میں ہوگا
شب کو پینے میں قباحت کیا ہے

مجھ سے کہتی ہے یہ وحشت میری
گھر میں رہنے کی ضرورت کیا ہے

بھول کر بھی نہ کبھی یہ پوچھا
حال بیمار محبت کیا ہے

ہم نے خود پینے سے توبہ کر لی
شیخ صاحب کی کرامت کیا ہے

سجدے کرتا ہوں در جاناں پر
اور آئین محبت کیا ہے

ذکر مے اور جناب واعظ
نہیں معلوم کہ نیت کیا ہے

ایک ٹھوکر سے اٹھی ہے سو بار
آپ کے آگے قیامت کیا ہے

جان ہی لے کے ٹلے گی صفدرؔ
اک بلا ہے شب فرقت کیا ہے


This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.