پھری سی دیکھتا ہوں اس چمن کی کچھ ہوا بلبل
پھری سی دیکھتا ہوں اس چمن کی کچھ ہوا بلبل
تجھے فرصت ہے جب تک آشیاں یاں سے اٹھا بلبل
تو عاشق ہے وفا تیرا ہنر ہے عشق میں ورنہ
مرا گل بے وفا ہے کیا اسے قدر وفا بلبل
در رحمت خدا کا باز ہے دل اپنا تازہ رکھ
قفس میں حسرت گل سے مت اتنا پھڑپھڑا بلبل
تجھے اے باغباں اک مشت پر سے کیا عداوت ہے
بہار آخر ہے دو دن میں کجا گل پھر کجا بلبل
خزان شوم یہ گلشن کے حق میں کیا قیامت ہے
کہ اس کے آتے ہی بے برگ ہو گل بے نوا بلبل
دل آسودہ نہ پایا کیا خزاں اور کیا بہار اس کو
محبت میں رکھے ہے طرفہ درد بے دوا بلبل
بھرا ہے نعمت الواں سے گل کا خوان گو حسرتؔ
کرے ہر صبح اٹھ کر خون دل سے ناشتا بلبل
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |