چھوڑیں گے گریباں کا نہ اک تار کبھی ہم

چھوڑیں گے گریباں کا نہ اک تار کبھی ہم
by حاتم علی مہر

چھوڑیں گے گریباں کا نہ اک تار کبھی ہم
بیٹھیں گے جنوں میں تو نہ بیکار کبھی ہم

رہتے نہ اجازت کے طلب گار کبھی ہم
ہوتے جو ترے طالب دیدار کبھی ہم

پہنائے گا ہم کو وہ گل زخم کی بدھی
پنہائیں گے قاتل کو جو اک ہار کبھی ہم

دیوانہ نوازی ہے کہ سر کو دیئے پتھر
چھوڑیں گے نہ اب دامن کہسار کبھی ہم

واللہ بتوں سے نہیں کرنے کے محبت
رکھیں گے نہ اب رشتۂ زنار کبھی ہم

عنقا ہو جہاں سے مری جاں نام ہما بھی
پائیں جو ترا سایۂ دیوار کبھی ہم

پھاہے تو رہے داغ جنوں پر پئے جنت
کیا ڈر ہے جو رکھتے نہیں دستار کبھی ہم

تجویز کیا کیجئے گا یوں ہیں سزائیں
یا رحم کے بھی ہوں گے سزاوار کبھی ہم

فرصت نہیں ملتی ہے غزل کہنے کی اے مہر
پڑھتے ہیں تب اس ڈھنگ کے اشعار کبھی ہم

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse