کس قدر دھیان ہے اے کاکل پیچاں تیرا
کس قدر دھیان ہے اے کاکل پیچاں تیرا
اپنے سایہ سے الجھتا ہے پریشان تیرا
اپنی حسرت پہ لہو روئے ہر اک زخم جگر
گر پڑا ہاتھ سے قاتل جو نمک داں تیرا
کیا کہوں ہے مرے صحرا کی جو وسعت اے قیس
نہ ملے اس میں جو کھو جائے بیاباں تیرا
حوصلہ نکلے مری وحشت دل کا کیوں کر
دائرہ تنگ ہے اے عالم امکاں تیرا
لے گیا اس کی گلی تک نہ بہا کر لاشہ
چشم تر کام کچھ آیا مرے طوفاں تیرا
آج کل چلتی ہے دنیا میں قیامت کی ہوا
گل نہ ہو جائے چراغ اے مہ تاباں تیرا
خیر ہو بوئے رقابت مجھے آئی تجھ سے
چاک کس کے لئے اے گل ہے گریباں تیرا
کس طرف ڈھونڈھتا پھرتا ہے تو اے تیر افگن
دل میں اکبرؔ نے چھپا رکھا ہے پیکاں تیرا
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |