کہاں یہ تاب کہ چکھ چکھ کے یا گرا کے پیوں
کہاں یہ تاب کہ چکھ چکھ کے یا گرا کے پیوں
ملے بھرا ہوا ساغر تو ڈگڈگا کے پیوں
ہزار تلخ ہو پیر مغاں نے جب دی ہے
خدا نہ کردہ جو میں منہ بنا بنا کے پیوں
مزا ہے بادہ کشی کا وہیں تو اے ساقی
پیوں جو اب تو ترے آستاں پہ آ کے پیوں
بغیر جلوہ دکھائے رہے نہ یہ معشوق
جو سات پردے کے اندر اسے چھپا کے پیوں
میں وہ نہیں کہ خود اپنے قدح کی خیر مناؤں
پیوں تو بزم میں دس پانچ کو پلا کے پیوں
زمیں پہ جام کو رکھ دے ذرا ٹھہر ساقی
میں تجھ پہ ہوں لوں تصدق تو پھر اٹھا کے پیوں
وہ مے کدہ ہے نہ ساقی ہے کچھ نہ پوچھو شادؔ
میں کس کے گھر میں پیوں کس کے گھر سے لا کے پیوں
This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author. |