کیا فقط طالب دیدار تھا موسیٰ تیرا

کیا فقط طالب دیدار تھا موسیٰ تیرا
by شاد عظیم آبادی
317678کیا فقط طالب دیدار تھا موسیٰ تیراشاد عظیم آبادی

کیا فقط طالب دیدار تھا موسیٰ تیرا
وہی شیدا تھا ترا میں نہیں شیدا تیرا

دیدۂ شوق سے بے وجہ ہے پردا تیرا
کس نے دیکھا نہیں ان آنکھوں سے جلوا تیرا

خود نزاکت پہ نہ کیوں بوجھ ہو پردا تیرا
کیا کسی آنکھ نے دیکھا نہیں جلوا تیرا

مٹ گئی شورش طوفان حوادث اے موج
اب وہی تو وہی بہتا ہوا دریا تیرا

چین سے شہر خموشاں میں ہر اک سوتا ہے
آسرا سب کو ہے اے وعدۂ فردا تیرا

منزلت ایک کی بھی ہوگی نہ ویسی بہ خدا
حشر میں آئے گا جس شان سے رسوا تیرا

زندگی کہتی ہے ارماں کوئی اب ہے نہ امید
کب تلک ساتھ کروں میں تن تنہا تیرا

بے سبب میری خموشی نہیں اے شاہد حسن
دامن صبر سے ڈھنکتا نہیں پردا تیرا

یوں حبابوں کا نہ دل توڑ خدارا اے موج
انہیں قطروں کے تو ملنے سے ہے دریا تیرا

وہی رنگت وہی خوشبو وہی نازک بدنی
پھول نے نقش اتارا ہے سراپا تیرا

تجھ سے ملنے کا جو ہے شوق تو در در نہ پھرے
پانو توڑے ہوئے بیٹھا رہے شیدا تیرا

اے گل آتی ہے خزاں باغ میں ٹھہرا نہ مجھے
دیکھوں ان آنکھوں سے اترا ہوا چہرا تیرا

کاش زاہد رخ روشن سے اٹھا لیں وہ نقاب
پھر تو کچھ رند کی رندی ہے نہ تقویٰ تیرا

اپنے مے خانے سے گھبرا کے میں باہر آیا
جب حرم سے کوئی نکلا نہ شناسا تیرا

اس پہ کیا زور بھلا جس پہ ہو اس کا قابو
چشم شوق اپنی سہی دل تو ہے شیدا تیرا

جستجو شرط ہے مل جائے گا زینہ بھی ضرور
سامنے ہے نظر شوق کے مکھڑا تیرا

وسعت قدرت حق ہوگی نہ محدود کبھی
نہیں ملنے کا سرا زلف چلیپا تیرا

بزم آخر ہے تقاضہ نہ کر اے محفل شوق
اب کہاں صاف بھلا ساغر و صہبا تیرا

شادؔ غزلیں نہیں آیات زبور ان کو سمجھ
لحن داؤد سے کچھ کم نہیں نغما تیرا

اب جوانی کی امنگیں نہ امنگوں کی خوشی
شادؔ کو ہے فقط اے موج سہارا تیرا


This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.