کیا کھینچے ہے خود کو دور اللہ

کیا کھینچے ہے خود کو دور اللہ
by غلام علی ہمدانی مصحفی
316426کیا کھینچے ہے خود کو دور اللہغلام علی ہمدانی مصحفی

کیا کھینچے ہے خود کو دور اللہ
اللہ رے ترا غرور اللہ

حسن ایسا کہاں ہے مہر و مہ میں
کچھ اور ہی ہے یہ نور اللہ

ہم نے تو بچشم خویش دیکھا
ہر شے میں ترا ظہور اللہ

ہم ہیں ترے بندے میرے صاحب
گو شیخ کو دیوے حور اللہ

پہلو سے مرے نکل گیا بت
کیا مجھ سے ہوا قصور اللہ

جس دم میں کروں ہوں نالہ دل سے
اٹھتا ہے کتنا شور اللہ

اے مصحفیؔ حق نہیں سمجھتا
کتنا ہوں میں بے شعور اللہ


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.