کیا ہے کہ آج چلتے ہو کترا کے راہ سے
کیا ہے کہ آج چلتے ہو کترا کے راہ سے
دیکھو ادھر نگاہ ملا کر نگاہ سے
شرم جفا سے چھپتے ہو تم دادخواہ سے
عذر گنہ تمہارا ہے بدتر گناہ سے
ان کی حیا و شرم نے رکھی ہے دل کی شرم
کیا ہوگا جب نگاہ ملے گی نگاہ سے
انصاف بھی یہی ہے یہی شان حسن بھی
ہاں ہاں نظر چراؤ قتیل نگاہ سے
بیت الصنم سے دور نہیں ہے حرم کی راہ
کیوں راہ پوچھیں زاہد گم کردہ راہ سے
کیوں شکوہ ہم کریں عدم التفات کا
وہ پوچھتے تو ہیں نگہ گاہ گاہ سے
زاہد ہزار حیف کہ پہنچا نہ کوئی فیض
رندوں کے مے کدے کو تری خانقاہ سے
پروانوں کا ہجوم ہے شمع جمال پر
جیتا پھرے گا کون تری جلوہ گاہ سے
شکوہ کروں تمہاری جفا کا تو رو سیاہ
دیکھو نہ تم مجھے نگہ عذر خواہ سے
خوشحالئ رقیب سے وہ شاد شاد ہیں
یعنی ہیں بے خبر مرے حال تباہ سے
گردن جھکی ہوئی ہے اٹھاتے نہیں ہیں سر
ڈر ہے انہیں نگاہ لڑے گی نگاہ سے
نکلا نہ کوئی حیف یہاں قابل شکار
صیاد خالی ہاتھ پھرا صید گاہ سے
ہر چند وحشتؔ اپنی غزل تھی گری ہوئی
محفل سخن کی گونج اٹھی واہ واہ سے
This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author. |