کیوں خال رخ محبوب کا احساں ہوتا
کیوں خال رخ محبوب کا احساں ہوتا
دل جلا تھا تو چراغ شب ہجراں ہوتا
عید ہوتی ترے دیوانے کی آتی جو بہار
جھک کے دامن سے ہم آغوش گریباں ہوتا
شب مہتاب میں وہ رخ سے الٹتے جو نقاب
گرد پھر پھر کے تصدق مہ تاباں ہوتا
خیر گزری کہ تری بزم میں بے ہوش تھے سب
ورنہ جو ہوش میں آتا وہ پشیماں ہوتا
واسطے میں نے شب وصل خدا کے بھی دئے
مان ہی جاتا وہ کافر جو مسلماں ہوتا
اے جنوں مجھ سے قسم لے کہ بہت مفلس ہوں
کیا کفن کے لئے رکھا جو گریباں ہوتا
ٹھوکریں وادئ غربت کی نہ کھاتا صفدرؔ
اے فلک اس کا بھرا گھر جو نہ ویراں ہوتا
This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author. |