ہر چند کہ وہ جواں نہیں ہم
ہر چند کہ وہ جواں نہیں ہم
اتنے بھی تو ناتواں نہیں ہم
قیمت ہے ہماری اک تبسم
اس نرخ پہ کچھ گراں نہیں ہم
ہیں کنج قفس کے رہنے والے
پروردۂ آشیاں نہیں ہم
کیوں در پہ رہیں ہمیشہ بیٹھے
کچھ آپ کے پاسباں نہیں ہم
تصویر کسی کی دیکھتے ہیں
محو گل و بوستاں نہیں ہم
گر آنکھ ذرا بھی تو نے پھیری
تو گردش آسماں نہیں ہم
ہاتھوں سے ترے بہار خوبی
شرمندۂ برگ پاں نہیں ہم
تم تک بھی پہنچ رہیں گے آخر
کچھ دور تو ہمرہاں نہیں ہم
کس روز جراحتوں پہ دل کی
اشکوں سے نمک فشاں نہیں ہم
مجلس سے کرے ہے ہم کو باہر
گویا کہ مزاج داں نہیں ہم
سائے سے ہمارے اتنی نفرت
کافر بھی تو اے بتاں نہیں ہم
ہے چار طرف ہمارا جلوہ
ڈھونڈے جو کوئی کہاں نہیں ہم
یعنی کہ برنگ نکہت گل
پردے میں ہیں اور نہاں نہیں ہم
ملتا ہے ہر اک سے مصحفیؔ یار
سمجھے ہے کہ بد گماں نہیں ہم
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |