ہوا پیری میں عشق اس نوجواں کا

ہوا پیری میں عشق اس نوجواں کا (1934)
by ابراہیم عاجز
324621ہوا پیری میں عشق اس نوجواں کا1934ابراہیم عاجز

ہوا پیری میں عشق اس نوجواں کا
الٰہی مجھ میں زور آیا کہاں کا

پڑا سایہ جو اس سرو رواں کا
ملا رتبہ زمیں کو آسماں کا

ارادہ جب ہوا مجھ کو فغاں کا
دھواں بن کر اڑا رنگ آسماں کا

سمجھتے ہیں گدا قند مکرر
کلام اس خسرو شیریں دہاں کا

دل اپنا بچ نہیں سکتا نظر سے
نشانہ ہے وہ تیر بے کماں کا

بہت ڈھونڈھی کمر آخر نہ پائی
پتا ملتا کہیں ہے بے نشاں کا

پڑی مجنوں کے پاؤں میں جو زنجیر
اٹھانا ہی پڑا بار گراں کا

مٹا ہوں اے ہما ان کی طلب میں
تجسس چھوڑ میرے استخواں کا

سفر ہے آخرت کا پیش عاجزؔ
تجھے سامان لازم ہے وہاں کا


This work is in the public domain in the United States because it was first published outside the United States (and not published in the U.S. within 30 days), and it was first published before 1989 without complying with U.S. copyright formalities (renewal and/or copyright notice) and it was in the public domain in its home country on the URAA date (January 1, 1996 for most countries).